رائے ونڈ :کم عمر رکشہ ڈرائیور‘حادثات بڑھ گئے ‘پولیس چالان تک محدو
رائے ونڈ (نامہ نگار) درجنوں کم عمر رکشہ ڈرائیور کی وجہ سے حادثات کی شرح میں اضافہ جبکہ کئی افراد معذوری کا شکار ہو چکے ہیں لیکن ٹریفک پولیس برائے نام کارروائی کرتے ہوئے انکے چالان کرکے مال بٹورتی نظر آرہی ہے۔ سروے میں معلوم ہوا کہ ٹریفک سیکٹر رائے ونڈ میں بار بار تعینات ہونیوالے ٹریفک پولیس اہلکاروں نے لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے ،افسران کی آنکھوں کے تارے وارڈنز ڈیوٹی کرنے کی بجائے فیکٹری ایریا بائی پاس کھڑے ہو کر سرعام پیسے بٹورتے نظر آرہے ہیں ،پرائیویٹ بندوں کی ملی بھگت سے چالان کی آڑ میں ہزاروں روپے یومیہ کما یاجارہا ہے۔ ٹریفک وارڈنز رش والے علاقوں بھٹی چوک ،ماڈل بازار ،تبلیغی مرکز اور جودھو پھاٹک ٹی کراسنگ پر ڈیوٹی سرانجام دینے کی زحمت گوارا نہیں کرتے ۔ کم عمر رکشہ ڈرائیور بذات خود لقمہ اجل بھی بن چکے ہیں ،محتاط اندازے کے مطابق رائے ونڈ شہر میں 300سے رکشہ ڈرائیور میں سے زیادہ تعداد کم عمر رکشہ ڈرائیور کی ہے ،چالان کا ٹارگٹ پورا کرنے کی آڑ میں ان رکشہ ڈرائیور کو کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے ،تعینات وارڈنزکی توجہ صرف چالانز پر مرکوز ہے ،مقامی حلقوں نے اعلیٰ حکام اور سی ٹی او لاہور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔