• news

 تاجکستان کے صدر امام علی رحمان  سے چیئرمین سینٹ کی ملاقات

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، اور رابطہ کاری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو اہم سمجھتا ہے ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی ، تاجکستان میں پاکستان کے سفیر عمران حیدر بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ خطے کی رابطہ کاری اقتصادی ترقی کیلئے اہم ہے اور تجارت سمیت کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینا انتہائی اہم ہے۔ معاشی ترقی، عوامی رابطہ کاری کیلئے پارلیمانی تعاون و ادارہ جاتی معاونت کو فروغ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان مذہبی ، معاشرتی و ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں اور پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعاون اور رابطہ کاری کو بڑھانے کا خواہاں ہے اور امن ، سلامتی و ترقی ہمارا مشترکہ ویژن ہے۔ خطے کی ترقی کے لئے امن کو اہم سمجھتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان تاجکستان تعلقات تاریخی ہیں اور اعلی سطح پر وفود کے تبادلوں سے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے فنون اور ثقافت ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، تجارت کے شعبوں میں اہم مشترکہ اعلامیہ اور متعدد معاہودں /ایم او یوز پر دستخط کو خوش آمدید کہا۔    تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کرکے خوشی ہوئی اور ملاقاتیں انتہائی مفید رہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ روابط کو مزید فروغ ملے گا۔دریں اثنا چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے  پارلیمانی اسمبلی برائے اقتصادی تعاون کی تنظیم کی جنرل کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز  میں عشائیہ دیا ۔

ای پیپر-دی نیشن