خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 جون تک توسیع‘ عدالت میں نوشین افتخار کی ملاقات
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے غیر قانونی طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار سابق وفاقی وزیر دفاع و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17جون تک توسیع کرتے ہوئے نیب کو ریفرنس دائر کرنے کی مہلت دے دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب سے ریفرنس کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔ احتساب عدالت کے جج سجاد احمد نے بطور ڈیوٹی جج کیس کی سماعت کی۔ عدالتی سماعت پر خواجہ آصف کوجوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سینٹرل جیل کوٹ لکھپت سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا اور انکی حاضری لگائی گئی۔ دریں اثناء کمرہ عدالت میں لیگی ایم این اے نوشین افتخار نے خواجہ آصف سے ملاقات بھی کی اور انکی خیریت دریافت کی۔ خواجہ آصف کے وکلاء نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت پر خواجہ آصف کو بریفنگ دی ۔