• news

اپوزیشن جماعتیں باہمی اختلافات کا شکار‘ فائدہ حکومت کو ہو رہا: راجہ ظفر الحق 

اسلام آباد (انٹرویو: عبدالستار چودھری)  مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ حکومت انتخابی اصلاحات میں اپوزیشن جماعتوں کی شمولیت چاہتی ہے تو پہلے اپنا رویہ درست کرے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے الیکشن کروانے کا مطلب مرضی کے نتائج حاصل کرنا ہے۔ عمران خان کے ارد گرد غیرمنتخب افراد موجود ہیں جو سیاسی مفاہمت میں بہت بڑی رکاوٹ ہیں۔ کشمیر انتخابات نگران حکومت سے کروائے گئے تو کشمیر کاز کو نقصان پہنچے گا۔ اپوزیشن کی تقسیم کا فائدہ حکومت کو ہو رہا ہے۔ اگر اپوزیشن متحد نہ ہوئی تو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپوزیشن کے حالات خراب ہی رہیں گے۔ گزشتہ روز ’’نوائے وقت‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ اپوزیشن جماعتیں باہمی اختلافات کا شکار ہیں۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اگر انہوں نے اچھی کارکردگی نہ کی تو اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر بھی کمزور رہے گی اور پارلیمان سے باہر بھی حالات خراب رہیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ میں پالیسی صرف میاں نواز شریف کی چلے گی۔ خاندان کے افراد اور پارٹی رہنمائوں کو اس بات کا ادراک ہے اس لئے پارٹی میں دھڑے بندی کا کوئی امکان نہیں۔ میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے سوال پر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ وہ جلد از جلد اپنا علاج مکمل کروائیں۔ وطن واپس آئیں لیکن مشکل یہ ہے کہ وبا کی وجہ سے برطانیہ میں صرف کرونا کے مریضوں کا علاج ہو رہا ہے جب کہ باقی تمام شعبوں میں ایمرجنسی کے علاوہ طبی سہولیات کی فراہمی معطل ہے۔ افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے سوال پر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ یہ مسئلہ بہت حساس ہے۔ خطے میں امن افغانستان میں امن سے منسلک ہے۔ اگر افغانستان متاثر ہوا تو پاکستان بھی متاثر ہو گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن