پاکستان ، چین افغانستان خوشحالی ایک دوسرے سے منسلک: شاہ محمود
اسلام آباد (خبر نگار+نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) چین‘ پاکستان‘ افغانستان سہ فریقی وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن سے خطے میں تجارت بڑھے گی۔ تینوں ممالک کا امن اور خوشحالی معاشی ترقی باہم منسلک ہے۔ تینوں ممالک ملکر مشترکہ مفادات کیلئے کام کر سکتے ہیں۔ افغانستان میں پائیدار امن وسلامتی کے نتیجے میں خطے میں باہمی رابطوں اور اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا سے سنگین سکیورٹی چیلنجز درپیش ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ آج کے غور وخوض سے سہہ ملکی تعاون مزید مضبوط ہوگا اور روابط کے نئے دروازے کھلیں گے۔ افغانستان میں قیام امن خطے کی ترقی اور استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔ کشمیری مودی کے یک طرفہ اقدامات کو مسترد کر چکے۔ بھارت کو اپنے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں اٹھائے گئے اقدامات پر نظرثانی کرنا ہوگی۔ ہماری حکومت کی ترجیح جیو اکنامک ہے، ہمارا اکنامک کوریڈور اور گوادر پورٹ اہم کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وسط ایشیائی ریاستوں کے نئے وژن پر عمل پیرا ہیں۔ وزیر خارجہ نے توقع ظاہرکی کہ سہ ملکی اجلاس کے ایجنڈے پر موجود تمام نکات پر ہماری معروضات تعمیری‘ نتیجہ خیز اور بامعنی ثابت ہوں گی۔ وفاق المدارس العربیہ کے سیکرٹری جنرل اور معروف عالم دین قاری حنیف جالندھر نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں اتحاد بین المسلمین، بین المذاہب ہم آہنگی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا بروقت ہنگامی اجلاس بلانے کے حوالے سے سعودی قیادت کا اقدام قابل ستائش ہے۔ فلسطین کے معاملے پر ’’سیز فائر‘‘ کی صورت ہمیں ابتدائی مقصد میں کامیابی حاصل ہوئی۔ حنیف جالندھری نے بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی جارحیت کو مؤثر انداز میں عالمی فورمز پر اٹھانے اور بہترین خارجہ پالیسی اپنانے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چینی سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی۔ سی پیک میں پیش رفت سمیت علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہیں۔ خصوصی اقتصادی زونز خطے کی ترقی کا باعث نہیں۔انہوں نے کرونا کیخلاف چین کی مستقل حمایت کو سراہا،سفیر نونگ رونگ نے زور دیا دیکر کہا راشا کی سپیشل اکنامک زون کا افتتاح اہم پیشرفت ہے،دوسرے مرحلے کو دوران صنعتی، ، زرعی تعاون،روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے مشترکہ کام کریں گے۔