• news

پی ڈی ایم قوم کی آواز، پیپلز پارٹی حکومتی آلہ کار بنی:فضل الرحٰمن

ملتان (سپیشل رپورٹر) سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے کچھ ایسے فیصلے کیے جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچا۔ ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں اپنے مقاصد کیلئے نئے قوانین متعارف کرائے جارہے ہیں، عام آدمی سے حقوق چھیننے جارہے ہیں،  ادارے ایسے کام کر رہے ہیں جو کسی قسم کے قانون کے پابند نہیں ہیں، پی ڈی ایم کو توڑنے میں بھی ان لوگوں کا کردار ہے، جبکہ پارٹیوں کو بھی توڑا جارہا ہے، صحافی تو کیا منسٹروں کو مارا جاتا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ  پی ڈی ایم قوم کی آواز بن گئی تھی، لیکن پیپلزپارٹی حکومت کی آلہ کار بنی، پیپلزپارٹی نے کچھ ایسے فیصلے کیے جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچا، پی ڈی ایم چھوڑنے والوں کے لئے راستے بند نہیں کئے، پیپلزپارٹی واپس آنا چاہتی ہے تو راستے کھیلے ہیں۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ اگر اجتماعی طور پراستعفے نہیں دیئے تو حکومت اپی مدت پوری کرتی جائے گی، 4جولائی کو سوات میں تاریخی جلسہ کریں گے، ہر پارٹی نے اپنا انتخابی مفاد دیکھنا ہوتا ہے، پی ڈی ایم انتخابی اتحاد تو نہیں لیکن کوئی چیز امکان سے باہر بھی نہیں ہے۔ علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ پینٹاگون کہہ چکا ہے ہم پاکستانی اڈے استعمال کریں گے‘ ہمیں حکومت کے کسی وزیر کی بات پر اعتبار نہیں ہے۔  طالبان کا دباؤ کام آ جائے تو کچھ کہہ نہیں سکتے ورنہ ہماری حکومت کی تو کوئی حیثیت نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن