• news

پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت مکمل‘ پرویز الٰہی کا دورہ‘

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز ا لٰہی کا پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت اور ایوان کا خواب پورا ہوگیا۔ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے نئی عمارت کی تعمیر کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کیا۔ سپیکر کے ہمراہ سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی، وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر مواصلات سردار آصف نکئی، سیکرٹری مواصلات اور دیگر نے بھی دورہ کیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کو نئی عمارت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد 27 جنوری 2006ء کو اس وقت کے وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے رکھا تھا۔ یہ منصوبہ دو سال میں مکمل ہونا تھا لیکن مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں منصوبہ فنڈز کی عدم دستیابی کی بنیاد پر مسلسل التوا کا شکار رہا۔ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت اور ایوان کی تعمیر پر 2 ارب 37 کروڑ لاگت آنا تھی لیکن مسلسل تاخیر کے باعث منصوبہ 5 ارب 39 کروڑ میں مکمل ہوا۔ منصوبے میں تاخیر کے باعث تین ارب سے زائد کے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑے۔ اسمبلی کی نئی عمارت میں سپیکر، وزیر اعلی، ڈپٹی سپیکر اور اپوزیشن لیڈر کے دفاتر قائم کئے گئے ہیں۔ صوبائی وزرا کے لیے نئی عمارت میں 38 دفاتر بنائے گئے ہیں۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ آئندہ مالی سال2021-22ء  کا بجٹ انشاء اللہ نئے ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن