اسلام آباد کو سیف زون بنائیں گے شیخ رشید ایگل سکواڈ میں اضافے کا اعلان
اسلام آباد (اے پی پی) شیخ رشید نے کہا ہے کہ دو ماہ میں افغان بارڈر پر باڑ کی تنصیب مکمل ہو جائے گی۔ اس کے بعد ایران سرحد پر بھی فینسنگ سال کے آخر تک پوری ہوگی۔ تمام بارڈرز پر الیکٹرانک انٹری اور ایگزٹ سلپ کیلئے بھی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کو سیف زون بنانے کیلئے رواں ہفتے اہم اقدام اٹھائیں گے۔ عمران خان کی حکومت میں تمام بارڈرز کی انٹری کو الیکٹرانک بنانے کا کام ہو رہا ہے۔ رواں ہفتے اسلام آباد میں موبائل ایگل سکواڈ کی تعداد 50 سے بڑھا کر 150 کرنے جا رہے ہیں جبکہ جدید گاڑیوں کی تعداد 4 سے بڑھا کر 20 کر رہے ہیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ حالیہ عرصے میں حملوں سے اسلام آباد پولیس کے شہداء کی تعداد 9 ہو گئی۔ امن و امان کیلئے جان کی قربانی دینے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید بذریعہ خصوصی ہیلی کاپٹر وانا جنوبی وزیرستان پہنچ گئے۔ آئی جی ایف سی کے پی ساتھ میجر جنرل محمد عمر بشیر نے ہیڈ کوارٹر آمد پر خوش آمدید کہا۔ وزیر داخلہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی‘ پھول چڑھائے اور شہداء کے لئے دعا کی۔ آئی جی ایف سی کے پی (ساتھ) نے وزیر داخلہ کو وزیرستان سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ نے ایف سی ہیڈ کوارٹرز میں یادگاری پودا بھی لگایا اور وزٹرز بک میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ نے جنوی وزیرستان میں قبائلی عمائدین کے جرگے سے خطاب کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک فوج نے قربانیاں دے کر پاکستان کو بچایا۔ قبائلی عمائدین پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں۔ ملک دشمنوں کیخلاف آپ کا کردار قابل تحسین ہے۔ جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔