حکومت مہنگائی کا الزام آئی ایم ایف پر لگا کر نااہلی پر پردہ نہیں ڈال سکتی: بلاول
کراچی +لاہور(نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی کا الزام آئی ایم ایف پر لگا کر اپنی نااہلی پر پردہ نہیں ڈال سکتی۔ عالمی مالیاتی ادارے سے سخت شرائط پر معاہدہ کرکے حکومت نے قوم کی خودداری کو داؤ پر لگا دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مافیا نے صرف تین ماہ میں مرغی کے گوشت کی قیمتیں 110 فیصد تک بڑھائیں۔ مرغی کے گوشت کی قیمتیں بڑھا کر پی ٹی آئی اشرافیہ نے اربوں روپے کمائے۔ اب افسوس ناک طور پر قیمتیں کم کر کے اس کا کریڈٹ بھی لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اب تک اپنا 5 سالہ اقتصادی منصوبہ سامنے نہیں لا سکی۔ عمران خان عوام کو بتا دیں وہ بغیر کسی منصوبہ بندی اقتدار میں آئے۔ عوام کی جیبوں میں پیسہ نہیں۔ عمران خان پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو نوازنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو بجٹ میں 96 ارب روپے سے نوازنے کا منصوبہ عوام دشمن ہے۔ وزیراعظم اپنے ارکان اسمبلی کے بجائے عوام پر رقم خرچ کریں۔دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری سے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ اور سابق صوبائی وزیر رانا اکرام ربانی نے ملاقات کی۔ سیاسی صورتحال اور پنجاب کی پارلیمانی سیاست کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔