• news

صحت، تعلیم ، ما حولیات سمیت کئی شعبوں کے ترقیاتی اخراجات میں کمی، سماجی تحفظ کیلئے اضافہ

لاہور (احسن صدیق) پنجاب حکومت کے صحت، تعلیم اور تحفظ ماحولیات کے علاوہ کئی شعبوں میں ترقیاتی اخراجات میں رواں سال کے دوران کمی  اور سماجی تحفظ  کے شعبہ میں اضافہ ہوا۔ پنجاب حکومت کے  ترقیاتی اخراجات میں گزشتہ سال کے ابتدائی 10 مہینوں کے مقابلہ میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق  مالی سال 2021-2020 کے ابتدائی دس مہینوں  کے دوران صحت کے شعبہ پر 18ارب 66کروڑ 32لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کئے گئے جو گذشتہ مالی سال میں اتنی مدت کے دوران کئے جانے والے 19ارب78کروڑ54لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کے مقابلے میں ایک ارب 5کروڑ 96لاکھ روپے کم رہے۔ تعلیم کے شعبے پر 13ارب 98لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کئے گئے جوگزشتہ  مالی سال میں اتنی مدت کے دوران کئے جانے 25ارب8کروڑ89لاکھ روپے کے مقابلے میں 12ارب 7کروڑ 90لاکھ روپے کم رہے۔ سماجی تحفظ کے شعبے پر 89کروڑ 91لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کئے گئے جو گذشتہ مالی سال میں اتنی مدت کے دوران کئے جانے والے 54کروڑ روپے کے ترقیاتی اخراجات کے مقابلے میں 35کروڑ 87 لاکھ روپے زائد ہیں۔ تحفظ ماحولیات کی مد میں 31لاکھ17ہزار روپے کے ترقیاتی اخراجات کئے گئے جو گذشتہ مالی سال میں اتنی مدت  میں کئے جانے والے 31لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کے مقابلے میں 17ہزار روپے زائد ہیں۔ ہاؤسنگ اینڈ کمیونٹی ایمینٹس کی مد میں 26ارب 11کروڑ 15لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کئے گئے جو گذشتہ مالی سال میں اتنی مدت کے دوران کئے جانے والے 19ارب72 کروڑ29لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کے مقابلے میں 6ارب 38کروڑ86لاکھ روپے زائد ہیں۔ ریکریشن، کلچر اینڈ ریلیجن کی مد میں ایک ارب 89کروڑ 14 لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کئے گئے جو گذشتہ مالی سال میں اتنی مدت کے دوران کئے جانے والے ایک ارب 62کروڑ 52لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات کے مقابلے میں 26 کروڑ 61 لاکھ روپے زائد ہیں۔ کرنٹ کیپٹل اخراجات کا حجم 17 ارب 55 کروڑ 82 لاکھ روپے رہا جو گذشتہ مالی سال میں اتنی مدت کے دوران 18ارب 63کروڑ 13لاکھ روپے کے کرنٹ کیپٹل اخراجات کے مقابلے میں ایک ارب 7کروڑ 31 لاکھ روپے کم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن