برسی سانحہ گولڈن ٹیمپل: ننکانہ میں سکھوں کا احتجاج ، پاک فوج زندہ باد کے نعرے
ننکانہ صاحب‘ امرتسر (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ این این آئی) اتوار کو آپریشن بلیو سٹار کی برسی منائی گئی۔ امرتسر میں 6ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کر کے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ ہزاروں سکھ اکال تخت پہنچے۔ ایک پولیس افسر نے کہا بلیو سٹار کی برسی اور لاک ڈائون میں براہ راست کوئی تعلق نہیں۔ دریں اثناء پنجابی فلم اداکار دیپ سندھو نے بھی جو کسان تحریک کے کارکن بھی ہیں نے اپنے فیس بک پیج پر اکال تخت پہنچنے کی کال دی تھی۔ دیپ سندھونے اپنے فیس بک پر کہا کہ جون 1984ء میں بھارتی حکومت نے حملہ ہمارے جسم پر نہیں بلکہ ہمارے روح پر کیا ہے۔ دل خالصہ نے آپریشن بلیو سٹار کی برسی کے موقع پر شہر میں’’گلو گاڑہ یادگاری سماگم‘‘ کا اہتمام کیا ہے جس میں سکھ عسکریت پسندوں کے اہلخانہ کو اعزازات سے نوازا گیا۔ پارٹی کے سربراہ ہرپال سنگھ چیمہ نے کہا کہ 37 سال پہلے گولڈن ٹمپل پر حملے کے ساتھ ہی ایک آزاد ریاست کی سنگ بنیاد رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ فوجی حملے سے جذبہ آزادی مضبوط ہوگیا ہے۔ امرتسر پر بلیو سٹار آپریشن کے خلاف سکھ کمیونٹی نے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب سے احتجاجی ریلی نکالی اور احتجاجی مظاہرہ کیا اور یوم احتجاج منایا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے بھارتی حکومت اور بھارتی فوج کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ پاکستان اور خالصتان کے حق میں نعرے لگائے۔ پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی اور پنجابی سکھ سنگت کے زیر اہتمام گورودوارہ گولڈن ٹیمپل امرتسر پر بلیو سٹار آپریشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی گوردوارہ تنبو صاحب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں سکھوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مسلمانوں، ہندوئوںاور مسیحی برادری نے بھی شرکت کی۔ پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ چیئرمین پنجابی سکھ سنگت سردار گوپال سنگھ چاولہ‘ دیا سنگھ اور دیگر مقررین نے کہا کہ 6 جون 1984ء سکھ قو م کے لیے تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے جو بھارتی حکومت کے سیکولر ہونے کے دعوے کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔ اس روز بھارتی فوج نے ظلم اور بربریت کی ایسی داستان رقم کی جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ سکھ رہنماؤں اور ریلی کے شرکاء نے مظلوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم کی بھی مذمت کی۔ خالصتان کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا۔