معیشت ٹریک پر آگئی، قوم جانتی ہے اپوزیشن واویلا کیوں کر رہی: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پوری قوم جانتی ہے کہ اپوزیشن والے پائیدار معاشی ترقی پر کیوں واویلا کررہے ہیں۔ جب معیشت ماضی کی غلط پالیسیوں کے باعث سست روی کا شکار تھی تب اس ٹولے کی زبانوں پرتالے لگے ہوئے تھے اور اب جب ملک ترقی کے لئے ٹیک آف کرچکا ہے تو یہ ٹولہ بھانت بھانت کی بولیاں بول رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں سابق دور کی غلطیوں کو درست کیا گیا ہے اور معیشت اپنے ٹریک پر آئی ہے۔ معاشی ترقی کے ثمرات سے عوام کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔ اپوزیشن کا ایجنڈا ترقی کے سفر کو روکنا ہے اور ہمارا دشمن بھی یہی چاہتا ہے۔ اپوزیشن عناصر ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال کر دشمن کے ایجنڈے کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ حکومت گرانے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان2023 ء تک پورے نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، سابق دور میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دی گئی۔ سازشی عناصر پہلے اپنے دور کی لوٹ مار کا حساب دیں۔ اپوزیشن کی صفوں میں انتشار پھیل چکا ہے۔ الزامات لگانے والے پہلے اپنے کرپشن آلود گریبانو ں میں جھانکیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار رحیم یار خان کے نواحی گاؤں سے تعلق رکھنے والی ٹانگوں اور ہاتھوں سے محروم باہمت طالبہ کرن اشتیاق کی آواز بن گئے۔ طالبہ کرن اشتیاق کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فوری طور پر طالبہ کرن اشتیاق کی مالی امداد اور بھائی کو ملازمت دینے کا حکم دیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کرن اشتیاق کو مالی امداد کا چیک دیا گیا اور کرن اشتیاق کے بھائی خان محمد کو سرکاری ملازمت بھی دے دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرن اشتیاق میری بیٹیوں کی طرح ہے، اس کا خیال رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔