• news

قیدیوں کی رہائی پر سعودی حکومت‘ ولی عہد کے شکرگزار ہیں: طاہر اشرفی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے عرب ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب سے رہا ہونے والے قیدیوں پر سعودی عرب کی حکومت اور سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ آئندہ چھ ماہ میں عرب اسلامی ممالک اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون میں عملی طور پر اضافہ ہو گا۔ افغانستان کا امن پاکستان کا امن ہے۔ افغانستان میں تمام گروپوں کو مفاہمت سے مسائل حل کرنے چاہئیں، تمام افغان ہمارے لیے محترم ہیں۔ رابطہ عالم اسلامی کے تعاون سے پاک افغان علماء کانفرنس بہتر سمت قدم ہے۔ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان سے جو ممکن ہوا کر رہا ہے اور کرے گا۔ بات چیت سے مسائل حل ہوتے ہیں الزام تراشی سے نہیں، جس طرح افغان چاہتے ہیں کہ ان کی سرزمین پر باہر سے مداخلت نہ ہو اسی طرح پاکستانی بھی چاہتے ہیں کہ پاکستان میں بھی باہر سے مداخلت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا ویژن اور سوچ ہے کہ امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے اسلامی تعاون تنظیم بہترین فورم ہے اور وزیراعظم نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عرب اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات گذشتہ دس سالوں سے بہتر ہیں۔ ہم امداد اور قرض نہیں تجارت، معیشت، اقتصادیات، انویسٹمنٹ، سیاحت، ثقافت، اطلاعات کے شعبوں میں تمام ممالک کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاک افغان کانفرنس رابطہ عالم اسلامی کے تعاون سے ہو رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی  نے کہا کہ پاکستان کے علماء و مشائخ کے انتہا پسندی، دہشت گردی کے خلاف فتووں اور پیغام پاکستان سے کوئی بھی استفادہ حاصل کر سکتا ہے۔ پاکستان کے علماء و مشائخ نے ہمیشہ بے گناہ انسانیت کے قتل کی مذمت کی ہے اور قرآن و سنت کا بھی یہی حکم ہے۔ قبل ازیں مولانا عبدالخبیر آزاد کے ہمراہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ کرونا ویکسین جائز ہے۔ اس کے اندر کوئی غیرشرعی چیز نہیں ہے۔ دنیا کئی کے بڑے اکابرین نے بھی کرونا ویکسین لگوائی ہے۔ اس سے متعلق افواہیں پھیلا کر بے بنیاد پروپیگنڈا  کیاجا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے طلباء اور اساتذہ کو کرونا ویکسن لگائی جائے گی۔ اس موقع چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ تمام علمائے کرام کرونا ویکسین لگوانے کی تائید کرتے ہیں۔ مساجد  سے ویکسین لگوانے سے متعلق آگاہی دی جائے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن