مونس الٰہی کی ارمغان سبحانی کے گھر جا کر والد کی وفات پر تعزیت‘ فاتحہ خوانی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی سیالکوٹ میں (ن) لیگ کے رکن قومی اسمبلی ارمغان سبحانی کی رہائش گاہ پر گئے۔ انہوں نے ارمغان سبحانی اور طارق سبحانی سے (ن) لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی خوش اختر سبحانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر باؤ محمد رضوان، (ق) لیگ پنجاب کے سینئر نائب صدر چودھری سلیم بریار اور ذوالفقار گھمن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ مونس الٰہی نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی جانب سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خوش اختر سبحانی کی پارلیمانی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ مونس الٰہی نے خوش اختر سبحانی کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔