سندھ کو پانی کی کمی کا سامنا‘ کاشت متاثر‘ معیشت پر اثر پڑیگا: ناصر حسین
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) صوبہ سندھ کے وزیراطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پانی کی تقسیم پر سندھ کے تحفظات دورنہیں کیے گئے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھاکہ صوبے میں پانی کی قلت کا مسئلہ سنگین ہو چکا ہے اور کاشت متاثر ہوئی تو ملک کی معیشت پر بھی اثر پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی تقسیم پر سندھ کے تحفظات دور نہیں کیے گئے اور اس وقت بھی صوبے کو 35 فیصد پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ چیئرمین ارسا کا پانی کی برابر تقسیم کا اعلان ابھی صرف اعلان ہی ہے۔ اس پر عمل نہیں ہو سکا۔ ناصر شاہ کا کہنا تھاکہ ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق کراچی میں 6 واٹر ہائیڈرینٹ چلائے جا رہے ہیں۔ کراچی میں پانی کے منصوبے کے فور سندھ حکومت کا کام مکمل ہے۔