الیکشن کمشن اجلاس ، وفاقی ازراء کا انتخابات میں ووٹنگ مشین کے استعمال کا عندیہ
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمیشن میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور انٹرنیٹ ووٹنگ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز، وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور انٹرنیٹ ووٹنگ کے حوالے سے معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ دوسری ملاقات ہوئی جن میں 4 امور پر گفتگو ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس انتخابی اصلاحات سے متعلق بلز میں 49 ترامیم متعارف کروائی گئیں جن پر قانون سازی کے لئے اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنا چاہتے ہیں تاکہ ایسے انتخابات کروائے جاسکیں جن پر پاکستان کے عوام کو مکمل اعتماد حاصل ہو۔ دوسرا نکتہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین یا ای وی ایم ہے، زیادہ تر دھاندلی کے الزامات پولنگ کے بعد سے لے کر نتیجے کے اعلان تک سامنے آتے ہیں اس لئے ہم الیکٹرانک مشین کا استعمال کروانا چاہتے ہیں اور الیکشن کمیشن بھی انتخابی شفافیت کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال پر آمادہ ہے۔ الیکشن کمیشن کے ساتھ بائیومیٹرک تصدیق اور آئی ووٹنگ یعنی سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بابر اعوان نے بتایا کہ مجوزہ قانون میں الیکشن کمیشن کو مالی طور پر خودمختار بنانے کی شق بھی موجود ہے تا کہ آزاد اور خودمختار انتخابات کروائے جاسکیں اور ای سی پی بغیر کسی دباؤ کے اپنا کام کرسکے۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ الیکشن نظام میں لگا کینسر ختم کرنا چاہتے ہیں۔ پری پول دھاندلی، آر او کی جانبداری اور انتظامی افسران کی اپنے اضلاع میں تعیناتی ختم کرنی ہے۔ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر کام ہو رہا ہے اور امید ہے کہ آئندہ انتخابات ایسے کروا سکیں گے جس پر تمام عوام کو اعتبار ہو۔