معاشی ترقی کے دعوے زمین بوس، عوام کسی جھانسے میں نہیں آئیں گے: بلاول بھٹو
اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے گھوٹکی میں ٹرین حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی حکومت ٹرین حادثے کے ذمہ داروں کے تعین کے لئے فی الفور تحقیقات کرکے اسے عوام کے سامنے لائے، ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا اور زخمیوں کی مالی معاونت کی جائے۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ دو ٹرینوں کے تصادم میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں مسافروں کے جاں بحق ہونے کی خبر سن کر انتہائی صدمہ ہوا۔ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان کا اب اگلی حکومت بنا کر مسائل حل کرنا قوم کے ساتھ مذاق ہے۔ ان کے معاشی ترقی کے دعوے زمین بوس ہو چکے۔ عوام اب کسی جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا دعویٰ کیا اور عمران خان نے اقتدار میں آکر عام آدمی سے روزگار چھین لیا۔ عمران خان کی ناکام معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک کا متوسط طبقہ بھی غربت کا شکار ہے۔ اگر ملکی معیشت کی سمت کو درست کرنا ہے تو آئندہ عمران خان جیسے تجربوں سے ملک کو بچانا ہوگا۔