• news

اپوزیشن کے پاس اب شرمندگی کے سوا کچھ نہیں بچا: عثمان بزدار

لاہور ( نیوز رپورٹر)  وزیراعلیٰ  عثمان بزدار نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فلاح عامہ کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبے صوبے کے عوام کی سہولت کیلئے شروع کئے ہیں اور ان منصوبوں کی شفاف اور بروقت تکمیل بے حد ضروری ہے۔ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا کیونکہ منصوبوں میں قومی وسائل استعمال ہوتے ہیں۔ عوام کے خون پسینے کی کمائی کے امین ہیں، کسی کو بے ضابطگی نہیں کرنے دیں گے۔  ترقیاتی فنڈز کا بروقت استعمال نہ کرنے والے محکموں کی جواب طلبی ہوگی۔  بعض محکموں کی جانب سے ترقیاتی فنڈز کے استعمال میں سست روی قابل قبول نہیں۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس اب ماسوائے شرمندگی کے کچھ نہیں بچا۔ جھوٹ اور منفی سیاست زیادہ دیر نہیں چلتی۔ ان عناصر نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر ترقی کے سفر کو روکنے کی کوشش کی۔ ملک کی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کو عوام بری طرح مسترد کر چکے ہیں۔ مشکل حالات کے باوجود آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں اور بڑھتے رہیں گے۔ پاکستانی قوم اپوزیشن عناصر کے غیر ذمہ دارانہ منفی رویے کوکبھی معاف نہیں کرے گی۔ اپوزیشن نے ہر موقع پر دوغلے پن کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس مفاد پرست ٹولے کو عوام کی کوئی پروا نہیں۔ اپوزیشن کی قسمت میں رونا لکھا ہوا ہے اور ناکام اپوزیشن کی قسمت میں صرف ناکامی ہی آئے گی۔  وزیراعظم عمران خان کی ایمانداری کے سامنے کرپٹ اور لٹیروںکی کوئی حیثیت نہیں۔ اب ملک میں صرف ترقی اور عوامی منصوبوں کی سیاست چلے گی۔ عثمان بزدار نے کینیڈا کے علاقے اونٹاریو میں پاکستانی خاندان پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ  نے پاکستانی خاندان کے 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن