• news

ہائیکورٹ نے ایف بی آر کو جہانگیر ترین شوگر ملز کا آڈٹ کرنے سے روکدیا

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے جہانگیر ترین کی شوگر ملز کا آڈٹ کرنے کے اقدام کے خلاف درخواست پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے   ایف بی آر سے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے جے ڈی ڈبلیو کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ایف بی آر نے 21 مئی کو آڈٹ کرنے کا نوٹس بھجوایا ہے جس میں انکم ٹیکس سے متعلق دستاویزات اور ریکارڈ مانگا گیا۔ ایف بی آر کو پانچ برس گزرنے کے بعد آڈٹ کرنے کا اختیار نہیں۔ 2015 کا ٹیکس آڈٹ کرنے کا قانونی عرصہ گزر چکا ہے۔ ایف بی آر نے غیر قانونی طو رپر آڈٹ نوٹس بھیجا۔ استدعا ہے کہ آڈٹ نوٹس کالعدم قرار دیا جائے اور ایف بی آر کو تادیبی کارروائی سے روکا جائے۔ فاضل عدالت نے  سماعت کے بعد ایف بی آر کو نوٹس پر کارروائی کرنے سے روکتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کے گزشتہ برسوں کے آڈٹ کے نوٹس کیخلاف کمشنر ان لینڈ ریونیو کے پاس اعتراضات داخل کئے، کمشنر ان لینڈ ریونیو نے موقف سنے بغیر اعتراضات مسترد کر دیئے، کمشنر ان لینڈ ریونیو کا اعتراضات کو مسترد کرنا آئین کے آرٹیکل 4، 10 اے اور 4 کی خلاف ورزی ہے۔ استدعا ہے کہ شوگر انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ہونے والی کارروائی کو غیر آئینی قرار دے کر کالعدم کیا جائے اور ایف بی آر کو شوگر ملز کے خلاف کارروائی سے روکا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن