• news

کرونا:53اموات، وفاقی ملازمین، اہلخانہ کو ویکسین  سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ہدایت

اسلام آباد (صباح نیوز‘ نیوز رپورٹر) ملک بھر میں عالمی وبا کرونا وائرس کے مزید 53 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی کل تعداد 21376 تک پہنچ گئی۔ جبکہ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے1383نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کرونا وائرس کے کیسز کے مثبت آنے کی شرح2.94 فیصد تک آ گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے  کرونا وائرس کے حوالے سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پاکستان اب تک کرونا وائرس کے کل رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 9 لاکھ35 ہزار 13 تک پہنچ گئی۔ اب تک ملک بھر میں 8 لاکھ67ہزار 447 مریض مکمل طور پر صحت یاب‘ فعال کیسز کی تعداد46190 تک پہنچ گئی۔ صوبہ پنجاب ملک بھر میں کرونا وائرس کے کل رپورٹ ہونے والے کیسز، صحت یاب ہونے والے مریضوں اور کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کے اعتبار سے پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ جبکہ صوبہ سندھ دوسرے نمبر پر ہے۔ جبکہ صوبہ سندھ کرونا وائرس کے فعال کیسز کے اعتبار سے ملک بھر میں پہلے نمبر پر آگیا۔ این سی او سی کے مطابق  کرونا  سے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح2.3فیصد جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح92.8 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا وائرس کے2516 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے۔ مہلک وبا کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں3751988 ہو گئیں، کیسز 17کروڑ 43 لاکھ 76 ہزار سے تجاوز کرگئے۔ دوسری جانب این سی او سی نے وفاقی ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی ویکسینیشن سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی فوری کرونا ویکسینیشن کے لئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی سیکرٹریز متعلقہ وزارتوں کے ملازمین و اہلخانہ کی ویکسینیشن کے ذمہ دار ہوں گے جبکہ وفاقی ملازمین خود اور اہلخانہ کا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ وزارت میں جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔ دریں اثناء حکومت نے فائزر ویکسین کی صوبوں اور وفاقی اکائیوں کو فراہمی شروع کر دی ہے۔ این سی او سی نے فائزر ویکسین لگانے کے حوالے سے خصوصی گائیڈ لائنز بھی جاری کر دی ہیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ فائزر ویکسین ملک کے 15 شہروں میں لگائی جائے گی۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ فائزر ویکسین صرف کمزور قوت مدافعت والے افراد کو لگائی جائے گی‘ کمزور قوت مدافعت کی وضاحت ہیلتھ منسٹری کی ویب سائٹ پر شیئر کر دی جائے گی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری گائیڈ لائنز کے مطابق فائزر ویکسین 18 سال اور زائد عمر کے افراد کو لگائی جا سکتی ہے۔ این سی او سی کی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ جی فائزر ویکسین عازمین حج‘ سٹڈی اور ورک ویزا کے حامل افراد کو لگائی جائے گی۔ ویکسین حاملہ اور دودھ پلانے والی ماؤں کو بھی لگائی جا سکتی ہے۔ امراض جگر اور دائمی ہیپا ٹائٹس  کے مریض‘ ٹرانسپلانٹ کے منتظر افراد دو ہفتے قبل فائزر لگوا سکتے ہیں۔ بخار میں مبتلا افراد‘ کرونا کے مریضوں اور شدید الرجی کے شکار افراد کو بھی فائزر نہ لگانے کی ہدایت کی گئی۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس نے ملک بھر میں کرونا کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مزید بتایا گیا نادرا سینٹرز 5 جولائی سے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کا اجراء شروع کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن