• news

 سمندروں کو خطرات سے نمٹنے کیلئے جدید حل تلاش کرنے کی ضرورت: نیول چیف

اسلام آباد (خبر نگار) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا ہے کہ سمندر دنیا بھر کے لوگوں کیلئے خوراک کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کروڑوں لوگوں کو روزگار مہیا کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔ عالمی یوم بحر کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے  خصوصی پیغام میں کہا سمندروں کیلئے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے نئے اور جدید حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ پاک بحریہ سمندروں کے محفوظ اور دیرپا استعمال سے متعلق آگہی کے فروغ کیلئے سرگرم ہے۔ ادھر کمانڈر آذربائیجان نیول فورسز نے سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریئر ایڈمرل سبحان بیکروف کی نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ معزز مہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ معزز مہمان نے یادگار شہداء  پر پھول چڑھائے اور ان کا پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن