جس محکمے کی کٹوتی تحریک آئے اس کا جواب خود وزیر دے گا: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں 14 جون سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے بجٹ اجلاس کے دوران انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جس وزیر کے محکمے کی کٹوتی کی تحریک ہو اس کا جواب وزیر خود دے گا، بجٹ اجلاس کے دوران کرونا ایس او پیز پر مکمل طور پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ارکان اسمبلی اور سٹاف کیلئے ویکسی نیشن کا عمل پرانی بلڈنگ میں جاری رہے گا۔ بجٹ اجلاس کے دوران فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور تمام ارکان اسمبلی اور سٹاف سکیورٹی مہیا کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر مخدوم ہاشم جواں بخت سمیت ارکان اسمبلی راجہ یاور کمال، میاں طارق عبداللہ، میاں شفیع محمد، شجاعت نواز اجنالہ، مظفر شیخ اور میاں کاشف محمود نے شرکت کی جبکہ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، سیکرٹری کوآرڈی نیشن رائے ممتاز حسین بابر اور ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک بھی اجلاس میں شریک تھے۔