• news

پاکستان چیمبرز کے وفد کی ملاقات، آرمی چیف نے تعاون کی یقین دہانی کرادی

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ  نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی، جس میں  باہمی دلچسپی کے امور، سی پیک پر پیشرفت اور علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کرونا وائرس کے  خلاف جنگ اور پاکستان کو ویکسین کی فراہمی کے سلسلے میں چین کی شراکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے۔ آرمی چیف نے پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر بیجنگ میں عظیم الشان تقریب کے انعقاد پر چینی سفیر کو مبارکباد پیش کی جبکہ چینی سفیر نے افغان امن عمل سمیت خطے میں امن واستحکام کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  نے ملک کی اقتصادی ترقی میں  ایف پی سی سی آئی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے  پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کو  پاک فوج کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے فیڈریشن پاکستان چیمبر ز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی جس دوران کمرشل اور صنعتی علاقوں کی ترقی سے متعلق چیمبر کے کردار پر بات چیت کی گئی اور خطے کے معاشی صورتحال پر بھی  غور کیا گیا۔  آرمی چیف نے پاکستان کی  اقتصادی ترقی میں  فیڈریشن  پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کے کردار کی تعریف کی اور چیمبر کے وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وفاق ہائے ایوان صنعت وتجارت کے  وفد نے اقتصادی ترقی کیلئے محفوظ ماحول فراہم کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا اور پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن