• news

معاشی استحکام کی جانب گامزن، سرمایہ کا روں کو آسانیاں دی جائیں: وزاعظم

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر اعظم عمران خان نے تمام صوبائی حکومتوں، وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کے حکام سے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار کرنے کے لئے آسانیاں فراہم کی جائیں۔ وہ گزشتہ روز سرمایہ کاری اور کاروبار میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملک معاشی لحاظ سے استحکام کی طرف جا رہا ہے، اس استحکام کو برقرار رکھنے اور تیز تر معاشی ترقی کے لئے سرمایہ کاری اہم ترین جزو ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت دی کے تمام وفاقی وزارتیں اور صوبائی حکومتیں سرمایہ کاری کو فروغ دیں اور اس ضمن میں طے شدہ اہداف بروقت مکمل کریں۔ اجلاس میں معاونین خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، ڈاکٹر شہباز گل، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز، چیئرمین نیپرا، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز بذریعہ ویڈیولنک، اور سینیر افسران بھی شریک تھے۔ سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے اجلاس کو ان تمام اقدامات کے بارے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں پاکستان میں قطر کے سفیر نے وزیراعظم عمران خان سے  ملاقات کی۔ قطر کے سفیر نے وزیراعظم سے ملاقات میں امیر قطر کی جانب سے  شیخ تمین بن حماد کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو جاگر کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں پاک قطر تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔  جبکہ  وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت  سرمایہ کاروںکا اعتماد بحال ہوا ہے۔ گزشتہ روز وزیراعظم سے کوکا کولا آئسیک کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفے یردکل، وزیر برائے صنعت مخدوم خسرو بختیار، مشیر وزیر اعظم عبدالرزاق دائود بھی شریک تھے۔ وفد میں جنرل منیجر کوکا کولا آئسیک پاکستان احمت کرسد ارتن، کوکا کولا پاکستان کے ڈائریکٹراور کارپوریٹ افیئرز منیجر شامل تھے۔ وفد نے وزیراعظم کو کوکا کولا کمپنی کی جانب سے پاکستان میں کی گئی سرمایہ کاری اور مستقبل میں اس سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے حوالے سے منصوبہ بندی پر آگاہ کیا۔وزیراعظم عمران خان سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ  پنجاب عثمان بزدار‘ اعجاز چودھری‘  عثمان ڈار اور فردوس عاشق اعوان ملاقات میں موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن