• news

عمر شیخ کی رہائی، معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں: امریکہ ، فیصلے کیخلاف اپیل پر کاروائی جاری : شیخ  رشید

اسلام آباد (خبر نگار)  وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے پاکستان کیلئے امریکی وزارت خارجہ کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری  لیسلی وی ویگیوری نے ملاقات کی جس میں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس میں ملوث مجرم عمر شیخ‘ انسانی سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام سے متعلق اقدامات اور دیگر امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری نے انسانی سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام کے لئے پاکستان کی حالیہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ اور منشیات کے کیسوں میں کارروائی کو مزید تیز کرنے کے خواہشمند ہیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے حکومت نے دو نئے قوانین نافذ کئے ہیں جو مددگار ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے پاک۔ افغان سرحد پر باڑ بھی بہت موثر ثابت ہو رہی ہے۔ گزشتہ برس انسانی سمگلنگ میں ملوث دو ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے۔ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں‘ وہ قانون کے مطابق سزائیں پائیں گے۔ امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ  سیکرٹری  نے کہا کہ ڈینیئل پرل کیس میں ملوث عمر شیخ کی رہائی  کے معاملے کو امریکہ بہت سنجیدگی سے دیکھتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عمر شیخ کی رہائشی کے خلاف سندھ اور وفای کی اپیلیں دائر ہو چکی ہیں۔ عمر شیخ کی رہائی کے خلاف حکومتی اپیل پر سپریم کورٹ میں کارروائی مسلسل جاری ہے۔ سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے کی روشنی  میں عمر شیخ کے معاملے کو دیکھا جائے گا۔ امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری نے کہا کہ عمر شیخ کی رہائی  کے خلاف حکومتی اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن