اسد قیصر کی ملاقات، اپوزیشن نے عدم استحکام پیدا کرنے کی گھٹیا کو شش کی : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال 2021-22ء کے ترقیاتی پروگرام کا فوکس سماجی شعبوں اور پسماندہ علاقوں کی پائیدار و یکساں ترقی پر ہوگا۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فلاح عامہ کے منصوبوں میںعلاقائی ضروریات کو مد نظر رکھا گیا ہے۔ منصوبوں کے حوالے سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے مشاورت کی گئی ہے اور یکساں ترقی کے ویژن کے تحت ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیاہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اربوں روپے کے منصوبوں کو شروع کیا جا رہا ہے۔ ان منصوبوں کے آغاز سے صوبے کے عوام کیلئے سہولتوں میں اضافہ ہوگا اور معاشی ترقی کا عمل تیز ہوگا۔ پنجاب کے ہر علاقے کو اس کا حق دیں گے۔جاری سکیموں کو بروقت مکمل کر نے کے ساتھ نئے منصوبے بھی شروع کررہے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت کے نئے مالی سال 2021-22ء کا بجٹ عوام کی امنگوں کا ترجما ن ہوگا۔ وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کی پوری کوشش کریںگے۔ غیر ضروری اخراجات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیںگے اور ایسے اقدامات کریں گے جن سے وسائل میں اضافہ ہو اور عام آدمی کو ریلیف ملے۔ پنجاب میں مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جائے گا۔ حقیقت پسندانہ ترقیاتی پروگرام میں صوبے کے عوام کی ضروریات کو ترجیح دی جائے گی۔ علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کی جانب سے عوامی فلاح اور ترقی کے لئے شروع کئے گئے منصوبے قابل ستائش ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوگا اور صوبہ ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بہتر اقتصادی پالیسیوں کی بدولت معیشت کا پہیہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیر اعلی سردار عثمان بزدار نے سپیکر کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عام آدمی کے فلاح و بہبود و ترقی کے لیے پنجاب حکومت کی جا وزیر اعلی نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات پر گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کیا گیا جس کا براہ راست فائدہ کسانوں کو پہنچا اور ملک میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست ہوگا اور اس میں کسانوں اور عوام کو ریلیف دیا جاے گا۔ عثمان بزدار نے سپیکر کو (PAECO) کا متفقہ چیئرمین منتخب ہونے اور دوسری پائیکو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے مخالفت برائے مخالفت میں ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھٹیا سیاست کی۔ عوام کے سامنے بلند و بانگ دعویٰ کرنے والوں کی قلعی کھل چکی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے کرونا کے غیر معمولی حالات میں بھی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔ مایوس اپوزیشن نے ہر قومی مسئلے پر عوام کو مایوس کیا ہے۔ اپوزیشن نے اپنی تمام توانائی صرف زبانی جمع خرچ پر صرف کی۔ اپوزیشن کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہئے کہ بیان بازی سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی۔ عوام کی خدمت کیلئے ان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ تحریک انصاف کی قیادت عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ ہم کل بھی عوام کے ساتھ تھے، آج بھی ساتھ ہیں اور آئندہ بھی ساتھ رہیں گے۔ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ اپوزیشن کو خود اپنے آپ سے خطرہ ہے۔حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ عثمان بزدار نے گجرات کے علاقے جلال پور جٹاں میں گھر میں آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار کے ہیلی کاپٹر نے آندھی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ہیلی کاپٹر نے اسلام آ باد سے لاہور واپسی پر آندھی کے باعث گڑھی شاہو ریلوے سٹیڈیم میں ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ آندھی کے باعث پائلٹ نے ہیلی کاپٹر کو گڑھی شاہو ریلوے سٹیڈیم میں بحفاظت اتار لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی دعاؤں سے خیریت سے ہوں۔