وزیراعظم کو 24 لاکھ 41 ہزار روپے تنخواہ ملے گی‘ وزراء کیلئے 21 کروڑ 80 لاکھ مختص
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم کو آئندہ مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 24 لاکھ 41 ہزار روپے تنخواہ ملے گی۔ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں رقم مختص کر دی گئی۔ وفاقی بجٹ 2021-22 کی دستاویزات کے مطابق وزیر اعظم آفس کے اخراجات کے لئے 40 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں اور دیگر مراعات کے لئے 21 کروڑ 80 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ مشیروں کی تنخواہوں اور دیگر مراعات کے لئے 3 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے اور معاونین خصوصی کے لئے 2 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجاویز دی گئی ہیں۔