خورشید شاہ کے بیٹے نے اثاثے کیس م یں گرفتاری دیدی‘ نیب آفس منتقل
سکھر (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی رہنماخورشید شاہ کے صاحبزادے ایم پی اے فرخ شاہ نے سپریم کورٹ کے حکم پر خود کو عدالت کے سامنے سرنڈر کردیا۔ عدالت نے نیب کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پی پی ایم پی اے کو حراست میں لینے کے احکامات جاری کر دیئے۔ احتساب عدالت کے جج کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے کارروائی سیشن کورٹ میں ہوئی۔ نیب نے فرخ شاہ کو حراست میں لے لیا۔ ایم پی اے فرخ شاہ انکے والد پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ، بھائی زیرک شاہ، بہنوئی صوبائی وزیر اویس شاہ سمیت 18 افراد کے خلاف سکھر کی احتساب عدالت میں ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے بنانے کے الزام میں نیب ریفرنس زیر سماعت ہے۔ گذشتہ سماعت پر سپریم کورٹ نے ان کو تین دن کے اندر خود کو احتساب عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا اور آج 3 دن پورے ہونے پر انہوں نے احتساب عدالت کے جج کے رخصت ہونے کی وجہ سے خود کو تھرڈ ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیش ہوکر خودکو سرنڈر کر دیا۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ان کا آمد پر شاندار استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ عدالت کے جج نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کو فرخ شاہ کو حراست میں لینے کے احکامات جاری کر دیئے۔ نیب نے فرخ شاہ کو حراست میں لے لیا اور 14 جون پیر کے روز احتساب عدالت میں پش کرنے کے احکامات جاری کئے۔ نیب عدالت سے ملزم کی 15 روزہ ریمانڈ کی استدعا بھی کی۔