آٹا‘ گھی‘ شیمپو یکم جولائی سے قبل ہی مہنگے
لاہور (کامرس رپورٹر) ملٹی نیشنل کمپنی نے گھی اور آئل کی قیمت میں اضافہ کر دیا۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق ملٹی نیشنل کمپنی کے فی لیٹر آئل کی قیمت6روپے اضافے سے 311روپے ہو گئی جبکہ پانچ پیکٹ پیٹی کی قیمت1525سے بڑھ کر 1555روپے ہو گئی۔ مذکورہ کمپنی کے گھی کی قیمت میں بھی 6روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ملٹی نیشنل کے شیمپو کی 200ایم ایل کی بوتل 10روپے اضافے سے260روپے میں مارکیٹ میں فروخت کی جا رہی ہے۔ تین ماہ کے دوران شیمپو کی قیمتوں میں25 سے30روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح چھوٹی فلور ملوں نے 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 20 روپے اضافہ کر دیا ہے۔ جس سے 20کلو آٹے کے تھیلے کی پرچون قیمت1060روپے سے بڑھ کر 1080روپے ہو گئی ہے۔ مقامی تھوک مارکیٹ میں ایک کلو چینی کی قیمت 94روپے سے 95روپے رہی جبکہ اس کی پرچون قیمت 100روپے سے 110روپے رہی۔