مہنگائی تاریخی تو بجٹ عوامی کیسے، وزیراعظم ریلیف دینے میں مکمل ناکام: بلاول
اسلام آباد+مردان (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی بجٹ کو عوام پر معاشی حملہ قرار دیتے کہا ہے کہ غربت، بیروزگاری اور مہنگائی تاریخی ہے تو بجٹ کیسے عوامی ہو سکتا ہے سال بدل گیا لیکن عوام کے حالات نہیں بدلے وزیراعظم عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں بجٹ سے عمران خان نے اپنا عوام دشمن ایجنڈا واضح کر دیا ہے پی پی عوام کے معاشی قتل کی اجازت نہیں دے گی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی اپنا عوام دشمن بجٹ پیش کررہی تھی تو پارلیمان کے باہر سرکاری ملازمین مہنگائی کی دہائیاں دے رہے تھے، مگر غریب کے گھر کا چولہا آج تک بجھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ بڑی بڑی باتیں کرنا عمران خان کی عادت ہے، پیپلزپارٹی عمران خان کو عوام کے معاشی قتل عام کی اجازت نہیں دیگی۔ دریں اثناء مردان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے سینئر پی پی رہنما خورشید شاہ کے بیٹے ایم پی اے فرخ شاہ گرفتاری پر انتباہی انداز میں کہا ہے کہ جو پی پی کارکنوں کے بیٹوں کو پکڑے گا‘ اس کے بیٹے بھی پکڑے جائیں گے۔ جگہ جگہ پیپلز پارٹی کی حکومت آ رہی ہے، ہم اصلی احتساب کریں گے۔ خورشید شاہ کے بیٹے فرخ کی گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے جیالوں کو ڈرا دھمکا کے نیب کے کیسز بنائیں گے، ہمارے امیدوار گھبرانے والا نہیں ہے ہم پیچھے نہیں ہٹنے والے۔ ایسی سیاست کو ختم ہونا چاہئے، انشاء اﷲ جگہ جگہ پیپلز پارٹی کی حکومت آ رہی ہے، ہم صحیح احتساب کریں گے۔