• news

ایل او سی کے دونوں جانب عوام مسلم لیگ ن کو حقیقی ترجمان سمجھتے ہیں: شہباز شریف

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) شہباز شریف نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) پر ایک بار پھر اپنے اعتماد کا اظہار کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور ان کی ٹیم نے کرونا وبا سے عوام کو بچانے کے جس محنت اور جذبے سے کام کیا، وہ لائق تحسین ہے۔ شہبازشریف سے آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں آزاد جموں و کشمیر اور وہاں کے عوام کی ترقی کیلئے کاوشوں کو سراہا، شہباز شریف نے کہا کہ ایل او سی کے دونوں طرف کے کشمیری پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اپنا حقیقی ترجمان، کشمیریوں کے مفادات اور نظریئے کا امین سمجھتے ہیں جبکہ بھارتی غیر قانونی حصے والے جموں و کشمیر کے بہادر عوام کی اپنے ناقابل تنسیخ حق استصواب رائے کے حصول اور آزادی تک ان کے شانہ بہ شانہ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ راجہ فاروق حیدر خان نے پارٹی صدر کو آزاد جموں و کشمیر کے بجٹ اور ترقیاتی کاموں کے بارے اور انتخابات کے حوالے سے انتظامات اور تیاریوں کی صورتحال کے بارے میں بتایا۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے انتخابات میں پارٹی امیدواروں سے متعلق امور پر بھی پارٹی صدر سے تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن