امیر الدین میڈیکل کالج و ایل جی ایچ سپورٹس سوسائٹی کے عہدیداروں کی حلف برداری
لاہور(نمائندہ سپورٹس )پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ میڈیکل کے شعبے سے وابستہ طلبا و طالبات کے لئے ہم نصابی سرگرمیاں زیادہ اہمیت کی حامل ہیں کیونکہ یہ اْن کو صحت مند رکھنے اور اْن کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال کی سپورٹس سوسائٹی کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپورٹس سوسائٹی کے سٹاف پریذیڈنٹ اور پروفیسر آف سرجری پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ فائنل ائیر کی طلبا فابیہا قیوم نے سوسائٹی کی صدر اور زینب عزیز نے ویمن وائس پریذیڈنٹ کے عہدوں کا حلف اٹھایا۔اسی طرح طلحہ بن ساجد نے میل وائس پریذیڈنٹ کا حلف لیا جبکہ دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے نئی منتخب شدہ کونسل میں بھرپور جو ش و جذبے کے ساتھ کھیلوں و دیگر سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پہلی مرتبہ اس کالج کی سپورٹس سوسائٹی میں دو خواتین بیک وقت اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوئی ہیں جنہوں نے بھی اپنی بھرپور کاوشوں کا یقین دلایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ میڈیکل جیسی تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو نصابی سرگرمیوں اور اعلیٰ پوزیشن کی بھاگ دوڑ کے ساتھ ساتھ کچھ لمحات کھیلوں کے لئے بھی وقف کرنے چاہئیں تاکہ انہیں جسمانی و ذہنی تازگی ملتی رہے۔انہوں نے کہا کہ کھیلیں انسانی شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہیں کیونکہ اس سے ہار جیت اور ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کا سبق ملتا ہے۔ اور طالب علم زیادہ محنت،جذبے اور لگن کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھتا ہے۔اس موقع پر سوسائٹی کی نو منتخب صدر فابیہا قیوم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دیگر عہدیداران کو ساتھ لے کر ادارے کی بہتری اور سٹوڈنٹس کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کریں گی۔ انہوں نے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی سرپرستی میں میڈیکل سٹوڈنٹس کو شاندار ماحول ملتا ہے۔