شہنشاہ غزل مہدی حسن کی برسی آج منائی جائیگی
لاہور(سپیشل رپورٹر) شہنشائے غزل مہدی حسن خاں کی آج نویں برسی منائی جارہی ہے۔ عظیم فنکار نے برصغیر پاک وہند میں لوگوں کے دلوں میں یوں جگہ بنائی کہ ان کا گایا ہر گیت امر ہو گیا۔اٹھارہ جولائی 1927 کو راجستھان میں کلاسیکی موسیقی سے جڑے گھرانے میں آنکھ کھولنے والے مہدی حسن کو شہنشاہ غزل کا خطاب ملا۔ مہدی حسن کو 1962 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’فرنگی‘‘ میں گائی گئی غزل’’ گلوں میں رنگ بھرے‘‘ سے شہرت ملی۔ اس کے بعد انھوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ان کے گائے ہوئے گیت’’ زندگی میں تو سبھی پیار کیا کرتے ہیں‘‘کو سن کر ہندوستانی گلوکار لتا منگیشکر نے کہا تھا کہ مہدی حسن کے گلے میں بھگوان بولتے ہیں۔ مہدی حسن کو حکومت کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس جیسے اعزازات سے بھی نوازا گیا۔ سانس کی تکلیف کے باعث مہدی حسن نے گانا ترک کر دیا تھا۔ شہنشاہ غزل مہدی حسن خاں تیرہ جون 2012 کو کراچی کے چوراسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔