• news
  • image

خاران: آپریشن میں دو دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے ہلمرگ میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کا ایک سپاہی فدا الرحمن بھی شہید ہوگیا۔ شہید ہونے والے سپاہی کا تعلق چترال سے ہے۔ مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر یہ آپریشن کیا تھا جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آپریشن کے دوران جن دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا وہ عام شہریوں اور سکیورٹی اداروں کے خلاف دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ اس آپریشن سے یہ بات ایک بار پھر واضح ہو گئی کہ سکیورٹی فورسز وطن عزیز کی حفاظت کے لیے پر عزم ہیں اور اس سلسلے میں وہ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کررہی ہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ ہماری سکیورٹی فورسز کی اسی عزم اور انہی قربانیوں سے پاکستان میں امن و امان کا قیام ممکن ہو پایا ہے۔ بھارت سمیت کئی ممالک پاکستان کو مضبوط اور مستحکم ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے اس لیے ان کی طرف سے ملک کے مختلف علاقوں میں شر پسندوں کو استعمال کر کے ایسی کارروائیاں کرانے کی کوشش کی جاتی ہے جن سے ملک کو نقصان پہنچے اور بین الاقوامی سطح پر اس کی ساکھ بھی متاثر ہو۔ ہماری سکیورٹی فورسز ایسے ملک دشمن عناصر پر نہ صرف نظر رکھے ہوئے ہیں بلکہ ان کے خلاف بھرپور کارروائی کر کے ملک میں قائم امن و امان کی حفاظت کو بھی یقینی بنارہی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ بلوچستان اور دیگر علاقوں میں سکیورٹی فورسز کو بھارت اور دیگر ممالک کے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے جو ثبوت ملتے ہیں انہیں مختلف بین الاقوامی فورمز پر سامنے لا کر ایسے ممالک کو بے نقاب کرے جو پاکستان سمیت پورے خطے کے امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن