• news

اسرائیلی فوج کی غرب اردن میں گھر گھر تلاشی،6 فلسطینی گرفتار

 مقبوضہ مغربی کنارا (صباح نیوز) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں گھر گھر تلاشی کی مہم کے دوران 6 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ یہ گرفتاریاں غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں دو روز قبل اسرائیلی فوج کے حملے میں تین فلسطینی شہریوں کی شہادت کے بعد عمل میں لائی گئیں۔ ان فلسطینی شہریوں کو جنین کے نواحی علاقے مرکہ سے گرفتار کیا۔کلب برائے امور اسیران کے ایک ذمہ دار منتصر سمور نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے الزاویہ کے مقام پر تلاشی کے دوران دو فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ ان کی شناخت احمد علی موسی اور علی محمد موسیٰ کے ناموں سے کی گئی ۔ادھر قابض فوج نے بیت لحم میں جناتا کے مقام پر تلاشی کے دوران چار فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ جناتا کے مقام سے گرفتار کیے گئے فلسطینیوں کی شناخت موسیٰ احمد العروج، موسیٰ راجی العروج، عبدالرحمان راید العروج، ساھر حسن العروج کے ناموں سے کی گئی ۔

ای پیپر-دی نیشن