مالی بے ضابطگیوں میں ملوث ایڈہاک ملازم ریگولر ہونے کا حقدار نہیں : ہائیکورٹ
لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار حسین نے قرار دیا ہے کہ مالی بے ضابطگیوں کے الزام سے بری ہونے کے باوجود ایڈہاک ملازم ریگولر ہونے کا حقدار نہیں،عدالت نے مالی بے ضابطگیوں کے الزام پر برخاست ایڈہاک فارما سسٹ آصف مشتاق کی نوکری پر بحالی کی درخواست خارج کردی،عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ ایڈہاک ملازم کی نوکری پر بحالی کیلئے محض الزامات سے بریت کافی نہیں،تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے نوکری بحالی کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے سروس ٹربیونل کی بجائے ہائیکورٹ سے رجوع کیا، درخواستگزار نے خورد برد کا الزام ختم کروانے اور نوکری پر بحالی کی دہری استدعا کی تھی،جبکہ پنجاب سروس ٹربیونل نے صرف درخواستگزار پر لگائے گئے الزام کا دھبہ ختم کیا تھا، پنجاب سروس ٹربیونل نے درخواستگزار کو نوکری پر بحال کرنے کا حکم نہیں دیا تھا، درخواستگزارنے سروس ٹربیونل کا فیصلہ سپریم کورٹ میںچیلنج بھی نہیں کیا۔