زاتی ، کرائے کی پراپرٹی پر ٹیکس فرق کم، موٹر سائیکل رجسٹر یشن فیس میں 400 گنا اضافہ متوقع
لاہور (احسان شوکت سے) پنجاب کے آج پیش ہونے والے آئندہ مالی سال 2021/22ء کے بجٹ میں موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن فیس میں 4سو گنا تک اضافے، 10سالہ پرانی گاڑیوں پر 25فیصد ٹوکن ٹیکس چھوٹ ختم کرنے جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس 50فیصداور ٹوکن ٹیکس 75فیصد کم کرنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کے کوائف کی تصدیق پر 100روپے فیس لاگو کرنے، موٹرویز اور ہائی ویز سے ملحقہ جائیدادوں پر پراٹی ٹیکس وصول کرنے، سینماؤں اور تھیٹرز پر تفریحی ٹیکس ختم کرنے، محکمہ ایکسائز کو تمام ٹیکسز کی ای پیمنٹ ادائیگیوں پر 5فیصدرعایت اورذاتی و کرائے کی جائیداد پرپراپرٹی ٹیکس ریٹ ایک اور پانچ کا فرق ختم کر کے ایک اور تین فیصد پر لایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بجٹ میں موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن فیس میں 4سو گنا تک اضافہ متوقع ہے۔ پہلے ہر قسم کی موٹر سائیکل کی قیمت کا ایک فیصد بطور رجسٹریشن فیس لاگو ہے، مگر اب رجسٹریشن فیس موٹر سائیکل کے سی سی کے لحاظ سے اس کی قیمت کا ایک فیصد سے لے کر چار فیصد تک وصول کرنے کی تجویز ہے۔ جس سے 70سی سی سے اوپر کی تمام موٹر سائیکلوں کی نیو رجسٹریشن کے وقت رجسٹریشن فیس میں ہوشربا اضافہ ہوجائے گا۔ پنجاب میں دس سال پرانی گاڑیوں پرٹوکن ٹیکس پر 25فیصد چھوٹ (ربیٹ) دیا جا رہا ہے اب یہ چھوٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کی رجسٹریشن فیس عام گاڑیوں کی نسبت 50فیصدکم کی جارہی ہے جبکہ ان کے ٹوکن ٹیکس میں 75فیصد رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔گاڑیوں کے کوائف کی تصدیق پر کوئی فیس عائد نہیں ہے مگر اب گاڑیوں کے کوائف کی تصدیق پر100روپے فیس لاگو کرنے کی تجویز ہے۔ موٹرویز اور ہائی ویز سے ملحقہ جائیدادوں کو بھی پر پراٹی ٹیکس نیٹ میں لانے اور مالکان سے پراپرٹی ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ ایکسائز کے سینماؤں، میوزیکل شوز اور تھیٹرز پر عائد تفریحی ٹیکس (انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی) ختم کرنے اسے پنجاب ریونیواتھارٹی کے دائرہ کار میں لا کر سروسز وصولی کی مد (سروسزموڈ) میں لایا جائے گا۔ محکمہ ایکسائز کو پراپرٹی اور گاڑیوں کے ٹوکن سمیت تما م ٹیکسز کی ای پیمنٹ ادائیگیوں پر5 فیصد رعایت قائم رکھی جائے گی۔ ذاتی اور کرائے کی جائیداد پر پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں بہت زیادہ فرق ہے۔ ذرائع کے مطابق ذاتی اور کرائے کی جائیداد پر پراپرٹی ٹیکس ریٹ میں ایک اور پانچ کا فرق ہے جو کم کر کے ایک اور تین کی سطح پر لایا جارہا ہے۔ جس سے ذاتی پراپرٹی پر ٹیکس کچھ زیادہ جبکہ کرائے یا کمرشل پراپرٹی پرکمی بیشی کر کے یہ فرق ایک اور تین کی سطح پر لایا جارہا ہے۔ نئے مالی سال سے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی خریدوفروخت اور ٹرانسفراب سیل ڈیڈ کی جگہ بائیومیٹرک نظام کے تحت نادرا کے سسٹم سے منسلک ہو گی۔ جس کی فیس ابھی نادرا سے طے ہونا ہے۔