صوبائی فوڈ اکائونٹ2برس میں274ارب87کروڑ اضافہ
لاہور (فاخر ملک) صوبائی فوڈ اکائو نٹ میں دو برس کے دوران 274 ارب 87 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔ یہ بات بجٹ دستاویز میں بتائی گئی۔ 2020-21ء کے بجٹ میں فوڈ اکائونٹ میں 331 ارب 86 کروڑ روپے رکھے گئے تھے جسے نظرثانی شدہ بجٹ میں بڑھا کر 482 ارب 2 کروڑ روپے کر دیا گیا۔ واضح رہے 2019-20ء کے بجٹ میں 208 ارب 25 کروڑ روپے رکھے گئے جسے 2020-21ء کے بجٹ میں بڑھا کر 331 ارب 86 کروڑ روپے کر دیا گیا۔ گزشتہ سال اس مد میں 123 ارب 86 کروڑ روپے اور رواں سال اس مد میں 151ارب 61 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر اس مد میں 274 ارب 87 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔ یہ اکائونٹ مجموعی طور پر گندم کی خریداری کیلئے استعمال ہونا ہے تاہم دستاویز میں یہ تفصیلات نہیں دی گئی کہ کتنی مقدار میں گندم خریدی گئی۔ کتنا قرضہ لیا گیا اور اس پر کتنا سود ادا کیا گیا۔ کس شرح سود پر قرضہ لیا گیا اور کتنے سالوں سے اس میں کتنا اضافہ ہوا۔