• news

جوبائیڈن 2008ء میں گھر آئے‘ بطور وزیراعلیٰ   میرے اقدامات کو سراہا: پرویز الٰہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے امریکی سفارتخانے کے ڈپٹی اسسٹنٹ برائے پاکستان لیزلی سی ویگری نے وفد کے ساتھ ملاقات کی اور اسمبلی کی نئی عمارت کا دورہ کیا۔ وفد میں کیتھرین روڈریگز قونصلر جنرل لاہور، مولینا سلواڈور اکنامک آفیسر، اور صدف سعد سیاسی و معاشی سپیشلسٹ بھی شامل تھے۔ جبکہ ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، سالک حسین اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور سمیت موجودہ سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے حوالہ سے گفتگو کی گئی۔ پرویزالٰہی نے وفد کو بتایا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے مجھ سے فروری 2008ء  میں میری رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔ وہ اس وقت سینیٹر تھے اور دیگر سینیٹرز جان کیری اور چک ہیگل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے تعلیم، صحت، زراعت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں بطور وزیراعلیٰ پنجاب کے میرے اقدامات کو سراہا تھا۔  پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دوطرفہ اور دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان کی سویلین اور فوجی قیادت مل کر ’’جیو اقتصادیات‘‘ پر ایک نئی توجہ کو فروغ دے رہی ہے یہ ایک ایسا نقطہ نظر ہے جس سے علاقائی تجارت اور رابطے پر زور دیا جاتا ہے اور اس بات پر زور دیا جاتا ہے کہ پاکستان کاروبار کے لئے اہم ملک ہے۔

ای پیپر-دی نیشن