کو ئٹہ شہید ہونیوالے 4 اہلکار مارگیٹ مائنز کی سکیورٹی پر تعینات تھے
اسلام آباد، گگو منڈی، بورے والا (خصوصی نامہ نگار، نامہ نگار، نمائندہ نوائے وقت)آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ میں شہید ہونے والے 4 سکیورٹی اہلکار مارگیٹ مائنز کی سکیورٹی پر تعینات تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق فرنٹیئر کور کی ٹیم پر حملہ بارودی سرنگ کے ذریعے کیا گیا۔ایف سی کے جوان مارگیٹ مائنز کی سیکورٹی پر مامور تھے۔ صوبیدار سردار علی خان کا تعلق ضلع لکی مروت کے گائو ں وانڈا لنگرکیل سے ہے جبکہ سپاہی مصدف حسین چک 272 ای۔بی ضلع وہاڑی، سپاہی محمد انور وانڈا تلگی ڈی آئی خان کے رہائشی جبکہ سپاہی اویس خان کا تعلق بانڈل ضلع نیلم سے تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی تلاش کیلئے ایف سی بلوچستان کا علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ بلوچستان میں سخت محنت سے بحال کئے گئے امن واستحکام کو امن دشمن عناصر اپنے ایسے بزدلانہ اقدامات سے سبوتاژ نہیں کر سکتے۔ سیکورٹی فورسز جانوں کے نذرانے دے کر امن دشمنوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پرعزم ہیں۔گگومنڈی کا پاک فوج کا ایک اور جوان دھرتی ماں پر قربان ہو گیا۔ شہید کو گگو منڈی نواح میں آبائی گائوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نواحی گائوں 275۔ای بی کا ایف سی بلوچستان کا اہل کار مصدف علی گزشتہ روز کوئٹہ میں شہید ہو گیا۔ شہید کے آخری دیدار کے لیے اہلیان دیہہ کے علاوہ قریبی دیہات کے لوگ کثیر تعداد میں امڈ آئے۔ شہید کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر سپرد خاک کر دیا گیا۔