• news

شہباز شریف کے پاس بجٹ کیخلاف بولنے کیلئے کچھ نہیں: فواد چودھری

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے پاس بجٹ کے خلاف بولنے کیلئے کچھ نہیں کیونکہ عمران خان کی سیاسی و معاشی حکمت عملی نے انہیں کلین بولڈ کر دیا ہے۔  سماجی رابطے کی ویب سائٹ  ٹوئٹر پر اپنے بیان میں  چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اپوزیشن رہنما حکومت کی معاشی پالیسی پر کس منہ سے تنقید کریں گے جبکہ انہیں معلوم ہے کہ ان کی اپنی جماعت کے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی کمپنی نے ریکارڈ منافع کمایا۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کی معیشت کو ترقی کی شاہراہ پر ڈال دیا ہے جبکہ پی ڈی ایم کی کھٹارا بس زوال کی اس کچی سڑک پر اتر گئی ہے جس کے آگے ڈیڈ اینڈ لکھا ہوا ہے۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آرٹیکل 140 اے کے تحت صوبوں نے اختیارات نچلی سطح منتقل کرنے ہیں۔ پنجاب نے آرٹیکل 140 اے کے تحت قانون سازی کر لی ہے۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ‘ بلوچستان آرٹیکل 140 اے کے تحت قانون سازی کیلئے تیار نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن