• news

اسلام آباد: 3 کشمیریوں کی شہادت کیخلاف بھارتی ہائی کمشن کے سامنے مظاہرہ‘ پاکستان کے حق میں نعرے 

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد میں تحریک فکر واعتقاد جموں وکشمیر، تحریک خودارادیت انٹرنیشنل اور جموں وکشمیر فورم فرانس نے مشترکہ طور پر بھارتی ہائی کمشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنما عبدالحمید لون کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ سوپور میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے تین بے گناہ نوجوانوں کی شہادت کے خلاف کیا گیا۔ مقررین نے  اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کر کے بھارت کو اس کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مظالم ڈھانے سے روکیں۔ عبدالحمید لون نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں اس وقت تک پائیدارامن قائم نہیں کیا جا سکتا جب تک تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا۔ احتجاجی مظاہرین نے آزادی اور پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ راجا نجابت حسین، بشارت کھوکھر، اوبیس قریشی، خولہ خان، بشیر خان اور عبدالرشید شاہ نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن