چین کو جواب دینا ضروری‘ نیٹو سیکرٹری: افغانستان میں فوجی مشن خاتمہ کا اعلان
برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک+ این این آئی) مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل جنیز سٹولٹنبرگ نے کہا ہے کہ چین نیٹو کا دشمن نہیں مگر سیاسی‘ اقتصادی اور عسکری محاذوں پر اس کو جواب دینا ضروری ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ نیٹو کے اجلاس میں چین کے حوالے سے نئی حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے۔ نیٹو اجلاس کے موقع پر برسلز میں سٹولٹن برگ نے کہا کہ چین ہر محاذ میں نیٹو کے قریب پہنچ رہا ہے۔ چین مغربی اقدار سے میل نہیں کھاتا۔ اس لئے اس کی طاقت کا مشترکہ انداز سے جواب دینا ضروری ہے۔ کیونکہ وہ سکیورٹی مسائل پیدا کر رہا ہے۔ اجلاس میں امریکی صدر جوبائیڈن سمیت اتحاد کے 30 رکن ممالک کے سربراہان شریک ہیں۔ سٹولٹنبرگ نے افغانستان میں فوجی مشن کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔ لیکن کہا ہم افغان عوام اور افغان سکیورٹی فورسز کی مدد جاری رکھیں گے اور یہ ہم وہاں علیحدہ سے اپنی سویلین موجودگی کے ذریعے کریں گے۔ ہم افغان فورسز کی سپورٹ، مشورہ اور ان کی مالی مدد جاری رکھیں گے۔ کس طرح افغان فوج کو بیرون ملک تربیت فراہم کی جائے؟۔ نیٹو امریکا، ترکی اور دوسروں کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔ اس موقع پر باور کروایا کہ ہم افغانستان میں گذشتہ 20 سال سے ہیں لیکن ہم وہاں مستقل رہنے کے لیے نہیں آئے تھے۔