خطے کا استحکام عزم، افغان قیادت مل بیٹھ کر مسائل حل کرے: شاہ محمود
اسلام آباد (خبرنگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان امن عمل ایک انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ افغانستان کے نائب صدر اور قومی سلامی ایڈوائزر کے بیانات سلجھاؤکی بجائے الجھاؤکا باعث تھے۔ اپنی کوتاہیوں سے نگاہ چرائیں گے تو حل نہیں نکلے گا۔ افغان قیادت مل بیٹھ کر اپنے مسائل حل کرے۔ پاکستان اپنی سرزمین دوسرے کسی ملک کیخلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔ ہمارا مشترکہ عزم، اس خطے کا امن واستحکام ہے۔ بھارت کو اسپائیلرکی بجائے، خطے کے امن کیلئے کام کرنا چاہئے۔ بھارت میں آج کھچاؤ واضح دکھائی دے رہا ہے۔ بھارت میں اقلیتیں دباؤ میں ہیں،خود کو غیرمحفوظ محسوس کررہی ہیں، بھارت اس وقت سیکولر اور ہندوتوا سوچ میں بٹ چکا ہے، بھارت میں بہت بڑا طبقہ مودی سرکار کی حکمت عملی مسترد کر چکا ہے۔ بھارت میں میڈیا کو دباؤ میں لایا جا رہا ہے، جو میڈیا انڈی پینڈنٹ رپورٹنگ کرتا ہے اس پر حملہ ہوجاتا ہے۔