آزاد کشمیر اسمبلی میں فیس بک کے متعصبانہ رویہ کیخلاف متفقہ قرار داد
مظفرآباد (صباح نیوز) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس منگل کے روز سپیکر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی کی جانب سے پیش کی گئی دو قراردادیں ایوان نے اتفاق رائے سے منظور کر لیں۔ ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہآزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے فیس بک انتظامیہ کے متعصبانہ رویے کی شدید مذمت کرتا ہے جس کے نتیجہ میں کشمیر اور فلسطین میں ہونے والے مظالم کو اجاگر کرنے والے فیس بک اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا جاتا ہے۔ یوں بھارتی اوراسرائیلی ریاستی دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ اجلاس اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کرتا ہے کہ سوشل میڈیا کے یہ گروپس اسلامی شعار، اسلامی تہذیب اور ناموس رسالتﷺ کے حوالے سے منفی اور متعصبانہ طرز عمل اختیار کئے ہوئے ہیں۔ اجلاس حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ اعلیٰ سطح پر فیس بک انتظامیہ سے احتجاج کرتے ہوئے اصلاح احوال کے لئے اپنا کردارا ادا کرے۔ دوسری قرارداد میں کہا گیا کہآزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس ممبر قانون سازاسمبلی محمد صغیرخان چغتائی کی ناگہانی وفات پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتا ہے۔