ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ جمعہ کو ہوگی
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ جمعے کو ہوگی۔ گزشتہ دنوں اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی نظرانداز کرنے پر ڈپٹی سپیکرکیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔ اب ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ جمعے کو ہوگی۔ اسمبلی قواعد کے مطابق تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ خفیہ رائے شماری سے ہوگی جبکہ 342کے ایوان میں ڈپٹی سپیکر کو ہٹانے کیلئے 172ووٹ درکار ہوں گے۔ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کیلئے بیلٹ پیپرچھپیں گے جن پر قرارداد کے حق میں اور قراداد کی مخالفت میں کے خانے بنائے جائیں گے۔ ووٹر کو متعلقہ خانے کے سامنے مختص کی گئی جگہ پر نشان لگانا ہوگا۔ رائے شماری خفیہ بیلٹ کے ذریعے ہو گی۔ اس میں صرف عدم اعتمادکرنے والے ارکان ہی حصہ لیں گے۔ ماہرین کے مطابق اوپن سیکرٹ رائے شماری کی وجہ سے ڈپٹی سپیکر کو ہٹانا تقریبا ناممکن ہوگا کیونکہ صرف اپوزیشن ارکان ہی ووٹنگ میں حصہ لیں گے اور انہیں 172ارکان کی حمایت حاصل کرنا ہو گی۔ متحدہ اپوزیشن کے پاس قومی اسمبلی میں 163ارکان ہیں جبکہ حکومت اور اس کے اتحادیوں کی تعداد 179ہے۔ قواعدکے تحت ڈپٹی سپیکرکے خلاف قرارداد پیش کرنے والے رکن کو ایوان میں بات کرنے کی اجازت ہوگی۔ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کو بھی ووٹنگ سے پہلے ایوان میں اظہارخیال کا موقع دیا جائے گا۔ قاسم سوری تاریخ میں پہلے ڈپٹی سپیکر ہوں گے جن کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو گی۔