• news

فارمیشن کمانڈرز کانفرنس: قوم کا  دفاع اور خدمت کرتے رہیں گے:آرمی چیف

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ  نے کہا ہے کہ پاک فوج  ہر قیمت پر وطن کی خدمت اور دفاع کرتے رہیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 78 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فارمیشنز کمانڈرز نے شرکت کی۔ شرکاء نے جیو سٹرٹیجک صورتحال، قومی سکیورٹی کو درپیش چیلنجز سمیت خطرات سے نمٹنے کیلئے جوابی حکمت عملی پر بھی غور کیا۔ آرمی چیف نے آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں کو تقویت دینے کیلئے ملک میں جاری استحکام آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے قبائلی اضلاع میں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مقامی افراد کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کانفرنس میں مشرقی سرحدوں اور مقبوضہ جموں کشمیر کی تازہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے قرار دیا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہئے۔ شرکاء نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے بامقصد کردار کو بھی سراہا۔ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے تازہ جیو سٹرٹیجک صورتحال کے پیش نظر ایل اوسی، ورکنگ بائونڈری اور پاک افغان بارڈر پر آپریشنل تیاریاں برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اپنی آپریشنل تیاریاں جاری رکھی جائیں۔ آرمی چیف نے مختلف تربیتی مشقوں میں فارمیشن کی تربیتی معیار کی تعریف کی اور افسروں اور جوانوں کے بلند عزم کو سراہا۔ آرمی چیف نے کرونا، ٹڈی دل اور پولیو کے خاتمے کی قومی کوششوں کے لئے مکمل تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ پاک فوج قوم کی خدمت اور وطن کے دفاع کے لئے ہر سطح تک جائے گی۔ آرمی چیف نے ملتان اور منگلا کور کو بہترین کارکردگی پر ٹرافیز سے بھی نوازا۔

ای پیپر-دی نیشن