پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ کیلئے تاریخی ترقیاتی بجٹ کا اعلان کیا :طارق گجر
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے رہنما و ٹکٹ ہولڈ ر چوہدری محمد طارق گجر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت پنجاب نے مالی سال 2021-22 کے بجٹ میں گوجرانوالہ کیلئے تاریخی ترقیاتی بجٹ کا اعلان کیا ہے،حکومت پنجاب کی طرف سے گوجرانوالہ کے لئے میگا ترقیاتی منصوبوں سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق حکومت پنجاب نے یونیورسٹی آف گوجرانوالہ کے قیام کے منصوبے کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرکے گوجرنوالہ کے شہریوں کے دل جیت لئے ہیں، گوجرنوالہ کے چلڈرن ہسپتال،عالم چوک فلائی اوور،سیالکوٹ لاہور موٹروے لنک روڈ،عالم چوک تا کوٹ سرور موٹر وے انٹر چینج اور ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کی بحالی کے منصوبوں کو بھی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستا ن تحریک انصاف کی حکومت گوجرانوالہ کی ترقی اور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تمام وعدے پورے کرے گی۔