وائٹ بال کرکٹ پر توجہ سے کھیل میں بہتری آئی : صہیب مقصود
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ملتان سلطانز کے مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود نے بتایا کہ جب سے انہوں نے وائٹ بال کرکٹ پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے ان کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ صہیب مقصود نے انکشاف کیا کہ کپتان محمد رضوان کے ساتھ بیٹنگ نے اننگز میں ان کی رہنمائی کرتے ہوئے مدد کی۔ جب میں بیٹنگ کیلئے آیا تو کپتان نے مجھے آخری اوور تک بیٹنگ کرنے کا کہا۔ رضوان نے مجھ سے غیرضروری خطرہ مول نہ لینے کو کہا، جب ہدف تک پہنچنے میں صرف 30 رنز باقی تھے تب ہم نے اپنے رن ریٹ کو بہتر بنانے کیلئے تیزرفتاری سے کھیلنے کا فیصلہ کیا جو پلے آف میں کوالیفائی کرنے کیلئے اہم ثابت ہوگا۔34 سالہ صہیب مقصود کا کہنا تھا کہ وہ گذشتہ ایک سال سے سخت ٹریننگ کر رہے ہیں نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں ان کے ٹریننگ سیشنز بطور کھلاڑی ان کی ترقی میں اہم رہے ہیں۔ ان کی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ محدود اوورز کی کرکٹ پر اپنی توجہ مرکوز کرنا ہے، وہ ہمیشہ ٹیم مینجمنٹ کے منصوبوں اور کھیل کی صورتحال کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ملتان سلطانز میں ان کا کردار جارحانہ انداز میں کھیلنا اور پاور پلے میں زیادہ سے زیادہ رنز بنانا ہے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین کو امید ہے کہ وہ باقی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور ایک بار پھر قومی ٹیم میں واپسی کرسکیں گے۔