نواز شریف ک جائیداد نیلامی فیصلہ کیخلاف سماعت چیف جسٹس کی عدم دستیابی پر ملتوی
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت میں زیر سماعت توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی جائیداد نیلامی کے فیصلہ کے خلاف تین دعویداروں کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کردی گئی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران چیف جسٹس کی عدم دستیابی کے باعث سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی۔ یاد رہے کہ میاں اقبال برکت، اسلم عزیز اور اشرف ملک کی طرف سے دائر درخواستوں میں اپر مال لاہور کا گھر، رائیوانڈ کی ایک سو پانچ ایکڑ اراضی کی ضبطگی سے روکنے، شیخوپورہ کی 88 کنال اراضی کی ضبطگی کا احتساب عدالت کا حکم بھی کالعدم قرار دینے کی استدعاکی گئی ہے۔ احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی کی عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی جائیداد ضبطگی اور نیلامی فیصلہ کے خلاف مریم نواز اور جائیداد کے دیگر دعویداروں کے اعتراضات کا فیصلہ موخرکردیا۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار وکیل قاضی مصباح نے کہاکہ عدالت اسی نوعیت کی تین درخواستوں پر فیصلہ سنا چکی ہے، ہمارے دلائل وہی ہیں اور عدالت اس پر اپنا ذہن واضح کر چکی ہے۔ احتساب عدالت کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ استدعا ہے کہ ہائیکورٹ سے کیسز کا فیصلہ آنے تک سماعت آگے نہ بڑھائی جائے۔ سماعت 30 جون تک ملتوی کر دی۔